میرپورخاص؛ سانحہ تیزگام ٹرین آتشزدگی کے 7 لاپتہ شہداء کے  ورثاء میں ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کے چیک تقسیم

15

میرپورخاص،25نومبر(اے پی پی) :سانحہ تیزگام ٹرین آتشزدگی کے 7 لاپتہ شہداء کے 16 ورثاء میں ریلوے انشورنس معاوضے کے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کے چیک تقسیم کردیے گئے ہیں ۔

 ریلوے پلیٹ فارم پر منعقدہ تقریب میں ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چوہدری، مفتی شریف سعیدی اور انجمن تاجران کے انیس الرحمٰن شیخ و امین میمن نے شہداء کے ورثاء کو ریلوے کمرشل انسپکٹر ذوالفقار علی جوکھیو، کلیم انسپیکٹر عبدالحنیف اور اسٹیشن ماسٹر عارف راٶ کی موجودگی میں ریلوے انشورنس معاوضے کے چیک تقسیم کیے۔

ورثاء میں محمد حنیف، زہرہ، معراج فاطمہ، الاہنو اور صابرہ کو پندرہ لاکھ پندرہ لاکھ روپے کے چیک دیے گئے  جبکہ مقصود احمد، محمود اور قاسم کو تین لاکھ پچہتر ہزار روپے کے چیک، آصف، محمد زاہد، محمد عابد، محمد اسلم اور محمد شاہد کو دو لاکھ بہتر ہزار سات سو ستائیس  روپے کے چیک، مصباح بی بی اور مریم کو ایک لاکھ ستاسی ہزار پانچ سو روپے کے چیک اور اسماء بی بی کو ایک لاکھ چھتیس ہزار تین سو پینسٹھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے ۔

 شہداء کے ورثاء نے معاوضے کی ادائیگی  تک کی جانیوالی ایوان صحافت کی مستقل اور مسلسل انتھک کوششوں اور کاوشوں کو بھرپور سراہتے ہوئے ایوان صحافت زندہ باد کے نعرے لگائے۔

 اس موقع پر جماعت اسلامی کے رشید احمد اور محمد عاصم، ڈاٸریکٹر اطلاعت حزب اللہ میمن، ڈپٹی ڈاٸریکٹر غوث پٹھان، زاہد شاہ، دستگیری  ویلفئرکے محمود صابری، معیز احمد پاکستانی، ایس ایچ او ریلوے محمد علی کھوسو، ایس ایچ او سٹی میر محمد کیریو، ڈی آئی  بی انچارج دانش بھٹی، اے ایس آئی  عباس علی عباسی، صحافی شہزاد خان، اویس، محمد ہاشم شر، فلک شیر، مختیار کیریو، اظہر چدھڑ، رضا رند، شہزاد صابری، یاسر بلوچ، راجہ سندھی، نریش کمار، جے رام، احمر ملک، ملک عبدالرزاق، غفار رند، یوسف ملک سمیت لواحقین اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔