ورکرز اور مشینری کی بھرپور مانیٹرنگ سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں، محمدفاروق ڈوگر

4

ملتان،16 نومبر(اے پی پی): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے کہا ہے کہ ورکرز اور مشینری کی بھرپور مانیٹرنگ سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں اس لئے  فیلڈ کے سرپرائز وزٹ کئے جائیں۔یہ بات انہوں نے اجلاس کے دوران کہی۔

سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے شہر کی بہترین صفائی کے عزم کا اظہار کیا ہے اور افسران کو فیلڈ فورس کی بھرپور مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا ہے۔آپریشن ڈیپارٹنمنٹ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سپر وائزر اور  سیکٹر انچارج اپنے ایریا کی یونین کونسلوں کی ہر گلی محلہ کو چیک کریں اور ڈپٹی منیجرز  آپریشن اپنے ڈیوٹی اوقات کے دوران اپنے پورے  زون کے دورے کریں۔

محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ ورکرز اور ڈرائیورز کی حاضری کو ہر صورت  یقینی بنایا جائے اور ورکرز کی فیلڈ میں حاضری ڈیوٹی اوقات میں  دو بار چیک کی جائے۔انہوں نے موسم سرما کے پیش نظر ورکرز کا نیا ڈیوٹی شیڈول جاری کرنیکی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مکینکل سوئیپرز اور علی الصبح کام کرنیوالی مشینری پر فوگ لائٹس لگائی جائیں۔

اجلاس میں منیجر آپریشنز انوارالحق، ڈپٹی منیجرز حبیب اللہ ظفر اور بلال بھٹہ بھی موجود تھے۔