شرم الشیخ۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی یونین کے صدر چارلس مائیکل نے ملاقات کی۔چارلس مائیکل نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔وزیراعظم میڈیا آفس کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے یورپی یونین کے احساس اور امداد کو سراہا، دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات تمام ممالک کے اتحاد کے متقاضی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی طرح موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی اتحاد درکار ہے،فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے میں یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہیں،پاکستان اور یورپی یونین میں کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں،یورپی یونین اور پاکستان کی شراکت داری اور دوطرفہ تعاون ماضی میں مشترکہ مفادات کے حصول کا اہم ذریعہ رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے اعتماد اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند اور منتظر ہیں،موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے یورپی یونین کی کوششیں قابل قدر ہیں۔دونوں راہنمائوں کا باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔