وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان کی ملاقات، مشترکہ مقاصد کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

3

شرم الشیخ ۔7نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف  اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے باہمی مفاد  کے مشترکہ مقاصد کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے مصر میں کوپ 27 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ امداد پر  متحدہ عرب امارات  کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئےکوپ 27 کے عزم کو نیک شگون قرار دیا ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا صرف ترقی پزیر ممالک کے بس میں نہیں، عالمی برادری کو مل کر کرہ ارض کی بقا کا مشترکہ چارٹر بنانا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کوپ 27 کانفرس کے اغراض ومقاصد کے لئے عالمی برادری بالخصوص اسلامی دنیا کے عزم کا خیرمقدم   کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔