اسلام آباد،04نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کاچین کا دورہ کامیاب رہا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر شخص نے وزیر آباد واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی مخالفین ضرور ہیں لیکن ایک دوسرے کی جان کے دشمن نہیں ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو پہلے سے حملے کا پتہ تھا تو انہوں نے حفاظتی انتظامات کیوں نہیں کئے۔
سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ ناکام جا رہا تھا، لوگ ان کی کال پہ باہر نہیں نکلے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بینظیر کی شہادت پر اپنے کارکنان کو پر امن رہنے کا درس دیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا یہ کیسا زخم ہے جو شوکت خانم میں جا کے ٹھیک ہوا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، سیاست میں برداشت اور تحمل سے کام لینا چاہئے یہ نہیں ہوتا کہ جو آپ کے منہ میں آئے وہ بول دیں لیکن عمران خان کے جو منہ میں آتا ہے وہ بول دیتے ہیں ،عمران خان کا ایک وزیر کلاشنکوف اٹھا کر کہتا ہے رانا ثناء اللہ ہم آ رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کرے،صوبائی حکومت کیوں نہیں بول رہی، عمران خان کی سکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب حکومت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ سوالات بہت سے ہیں جو جواب طلب ہیں لیکن یہ موقع نہیں ہے،ہم اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،سیاست میں تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا،اس سانحہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آپ کوافراد سے اختلاف ہوسکتا ہے لیکن اس کا طریقہ کار یہ نہیں ہوتا،سیاست روادری کا نام ہے، جتھے لے کر کیا آپ ملک پر حملہ کریں گے ؟آپ نے اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے، یہ ایک ذمہ دار سیاست دان نہیں کر سکتا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کی بہتری کے لئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔