وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ چین پر بیجنگ پہنچ گئے، اعلیٰ چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیا

4

بیجنگ۔1نومبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ چین پر بیجنگ پہنچ گئے ۔ منگل کو بیجنگ ایئرپورٹ پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا اعلیٰ چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیا ۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیرِ دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین،معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، سید فہد حسین، ظفر الدین محمود، جہانزیب خان اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ 11 اپریل 2022 کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی چین کی بیسویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنماؤں میں شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل رابطوں کی کڑی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دونوں ممالک کے قائدین سٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے ۔ ملاقاتوں اور اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیشرفت متوقع ہے۔ دورے کے دوران مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدات پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم کے دورہ سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔