اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ ملک میں ہنر کی تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ، نیشنل اسکلز یونیورسٹی کے مرکزی اور مریدکے کیمپس کو جدید بنانے کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کیاجائے گا ۔جمعرات کو انھوں نے نیشنل اسکلز یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آبادکی ہنر مندی سیکھانے والی لیبارٹریزاور ورکشاپس بین الاقوامی معیار کی ہیں اور حکومت اس یونیورسٹی کے مرکزی اور مریدکے کیمپس کو جدید بنانے کے لیے ضروری تعاون فراہم کرتی رہے گی۔اِس موقع پر علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم بھی ساتھ تھے۔ وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی مختلف لیبارٹریز کا دورہ کیا اورطلباء، فیکلٹی اور ٹیکنولوجسٹ سے بات چیت کرتے ہوئے مستقبل کی ملازمتوں اور آجروں کے ساتھ یونیورسٹی کے باہمی تعاون کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے معیاری حفاظتی طریقہ کار پر عمل کرتے طلباءکا ہنر سیکھنے کا مشاہدہ بھی کیا۔ رانا تنویر حسین نے مختلف وزارتوں کو مرمت کیلئے اپنی گاڑیاں نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کی ورکشاپس میں بھجوانے کی تجویز بھی پیش کی۔ ان کے مطابق اس پروگرام سے نوجوانوں کو تربیت دینے، عالمی معیار کے تکنیکی ماہرین کے زیر نگرانی گاڑیوں کی مرمت کے علاوہ یونیورسٹی کو اقتصادی فوائد حاصل ہو سکے گے۔ اس پروگرام کی منظوری یونیورسٹی کی سینیٹ دے چکی ہے۔بعد ازاں ،وفاقی وزیرنے نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے مریدکے کیمپس میں کلاسز کے آغاز اور برادر ملک ترکیہ کی تعاون تنظیم ٹیکا کی جانب سے ہاسپٹیلیٹی سنٹر کے قیام سے متعلق امور پر بریفنگ سیشن کی صدارت کی۔ ٹیکا کی تنظیم کے نقطہ نظر کے مطابق ترکیہ دوسرے ممالک کے ساتھ اپنے ترقیاتی تجربے اور تعاون کی شراکت داری پر یقین رکھتا ہے۔ ٹیکا کی جانب سےاس جدید تربیتی مرکز کے قیام کے حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار اورڈی جی، نیوٹیک ، ڈاکٹر خالد نے وزیر کو بتایا کہ مشترکہ طور پر اس تعاون پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور وزارت نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کوٹیکا کے ساتھ اس منصوبے کوآگے بڑ ھانے کئے لیے فوکل پرسن نامزد کرے۔ تاکہ و ہ اسے بہتر طریقے سے آگے لے کر جاسکیں۔وفاقی وزیر کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے لیے سعودی عرب کے ہنر مندی کے تعاون پروگرام سے مریدکے کیمپس کو تقویت ملے گی اور اس خطے کے نوجوانوں کو ہنر سیکھنے کے مزید مواقع فراہم ہوسکیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری نے بتایا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی کے لیے سعودی حکومت کی معاونت کا منصوبہ وزارت کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے اور دو طرفہ سطح پر بات چیت جاری ہے۔وفاقی وزیر نے نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں مجموعی طور پر گورننس کے معاملات اور موجودہ ہنر مندی کی تربیتی مشینری و آلات کی تجدید کو سراہا۔دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے انجیر کا پودالگا کر شجر کاری مہم میں اپنا حصہ ڈالا اور ملک اور قوم کی سلامتی اور ترقی کی دعا کروائی۔











