اسلام آباد،07 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ویلی فیز 5 اسلام آباد کا اچانک دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ او پی ایف ویلی سے متعلق تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور الاٹیوں کو ان کے متعلقہ پلاٹوں کا جلد از جلد قبضہ دیا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کام کی تیز رفتاری سے تکمیل اولین ترجیح ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ تمام کاموں کوالٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور ان کی شکایات کا ازالہ ان کی وزارت کی اولین ذمہ داری ہے۔











