اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے وزارت قانون کو ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات جنوبی ایشیاء کیلئے عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹر برائے بنیادی ڈھانچہ گوانگزے سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے دیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اقتصادی امور نے علاقائی ڈائریکٹر کا وزارت میں خیرمقدم کیا اور پاکستان میں اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں کے لئے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں عالمی بینک کی امداداہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے سیلاب سے متعلق امداد پربھی عالمی بینک کاشکریہ ادا کیا۔ عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹرنے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو سراہا اور بتایا کہ اس وقت پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے 13.1 ارب ڈالر کے 54 منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، اس میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور پائپ لائن منصوبوں کی تعمیر، سستی اور صاف قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں سمیت اہم ترقیاتی ،منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور عالمی بینک کو ملک کی طویل مدتی ترقی کے لئے میکرو اکنامک چیلنجز اور قابل تجدید توانائی کی توسیع سے نمٹنے کے لئے مل کر کام جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو مزید بتایا کہ عالمی بینک نہ صرف قابل تجدید توانائی بلکہ توانائی کی طلب پر قابو پانے میں مدد کے لیے توانائی کے تحفظ کی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے۔