ملتان، 10نومبر(اے پی پی):پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روحیل عالم صدیقی اپنے دورہ ملتان کے دوران جمعرات کے روز ملتان سٹیڈیم پہنچ گئے اپنے ملک کی کرکٹ یونیفارم میں ملبوس بنگلہ دیش کے ہائی کمشنرنے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ملتان سٹیڈیم پر جاری پاک بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیموں کے مابین ایک روزہ میچ بھی دیکھا۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کو ملتان سٹیڈیم پہنچنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے خوش آمدید کہا۔ ہائی کمشنر نے وقفہ میں دونوں ممالک کی انڈر19ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی اور ینگ کرکٹرز کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹرز دونوں ممالک کا روشن مستقبل ہیں۔ہائی کمشنر محمد روحیل عالم صدیقی ملتان کرکٹ سٹیڈیم کی دلکشی کی داد دیئے بغیر بھی نہ رہ سکے انہوں نے کہا ملتان سٹیڈیم بلاشبہ دنیا کے بہترین کرکٹ میدانوں میں سے ایک ہے۔











