پی ٹی آئی کا لانگ مارچ  ،خونی مارچ ہے ،  مارچ کے اسلام آباد آنے کے کوئی آثار نہیں ہیں، عطاء تارڑ

9

اسلام آباد،02نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے نارکوٹکس کنٹرول عطاء تارڑ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ   اصل میں خونی مارچ ہے ،  مارچ کے اسلام آباد آنے کے کوئی آثار نہیں ہیں ،آج بھی چودہ سال کا بچہ کنٹینر سے ٹکرا کر جاں بحق ہو گیا، کس کے ہاتھ پر اس بچے کا لہو تلاش کریں  ، اب ٹرینڈ بن گیا ادھر بندہ مرے ادھر بڑا چیک لے کر اسکے گھر پہنچ جائیں،کیا چیک سے انسانی جان کے نقصان کا ازالہ ہو سکتا ہے ، فیصل واوڈا کی بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان لوگوں کے سیلاب کی توقع کر رہے تھے،پی ٹی آئی لوگوں کو موبیلائز کرنے میں ناکام رہی اسی لئے مارچ کچھوے کی رفتار سے آ رہا ہے ،ابھی مارچ کے  اسلام آباد آنے کے آثار نہیں اسی لئے تاریخ نہیں دے رہے ۔

عطاء تارڑ نے کہاکہ عمران خان کے قریبی ساتھی ایک ایک کرکے بیرون ملک فرار ہو رہے ہیں،فرح گوگی،احسن گجر،اعظم خان بیرون ملک فرار ہیں ، سائفر معاملہ پر شاہ محمود،اسد عمر کو بھی بلایا گیا،یہ نہ ہو یہ بھی ملک چھوڑ کر چلے جائیں ، اسد عمر کو آج بلایا گیا تھا لیکن ابھی تک انھوں نے جواب جمع نہیں کروایا ، اگران کا دامن صاف ہے تو تحقیقات کا سامنا کیوں نہیں کرتے ،  بیرون ممالک جانے والوں کو کہنا چاہتا ہوں،یہ بچنے کا رستہ نہیں ہے آپکو جواب دینا پڑے گا ،فارن فنڈنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پی ٹی آئی کے لوگ اس پیسہ کو ذاتی استعمال میں بھی لائے ، مارچ کا مقصد گوگی کو بچانا ہے،این ار او لینا ہے لیکن یہ ہونا نہیں ہے ۔ بھارتی ریٹائرڈ میجر گوروو آریہ ٹویٹ کرتا ہے کہ عمران خان کو دل کھول کر عطیات دیں، مارچ کی کامیابی میں بھارت کا فائدہ ہے اب سمجھ آیا کہ بھارتی تعمیراتی کمپنی آپکو پیسے کیوں بھیجتی تھی ،امریکی یہودی آپکو کیوں پیسے بھیجتا ہے اب سمجھ آتا ہے،اسکا مطلب ملکی سالمیت،اداروں پر حملے ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں عطاء تارڑ نے کہا کہ ہمارا نعرہ تھا ووٹ کو عزت دو اسکا نعرہ ہے مجھے ووٹ لیکر دو ، ہماری تنقید تب ختم ہوئی جب ادارے نے کہا ہم نیوٹرل ہیں،انکے نزدیک نیوٹرل کیا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کرپشن کا ریکٹ انکے گھر سے چلتا ہے۔سائفر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سائفر تحقیقات اس لئے ہو رہی ہیں کہ یہ سازش ملک کے خلاف ہوئی،قانونی طور پر سائفر جلسہ میں نہیں لے جا سکتے کیونکہ یہ حساس دستاویز ہے ،سائفر کی گمشدگی پر بھی تحقیقات  جاری ہیں،اس معاملہ پر جےآئی ٹی کام کر رہی ہے انشا اللہ جلد رزلٹ ملیں گے۔