یوم انسداد سود کے سلسلہ میں احتجاجی مظاہرہ،سودی نظام نے قومی معیشت کی کمر توڑ دی ہے، ڈاکٹر صفدر ہاشمی

14

ملتان،25 نومبر(اے پی پی): امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ سودی نظام نے قومی معیشت کی کمر توڑ دی ہے۔فیڈرل شریعت کورٹ کی طرف سے سود کے خلاف فیصلہ آگیا اب قومی معیشت کو اس زہر سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر یوم انسداد سود کے سلسلہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت  کرتے ہوئے کیا۔مظاہرہ معصوم شاہ روڈ جامع العلوم کے سامنے بعد از جمعہ  کیا گیا جس میں کارکنان اور نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سودی معیشت پاکستان کی تباہی کی بڑی وجہ ہے،سودی نظام نے پاکستان میں معاشی نظام کو نقصان پہنچایا آج پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے،ملکی معیشت آئے روز تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے۔سودی نظام معیشت سے نجات ہی اسلامی جمہوریہ پاکستان کی معاشی ترقی کی ضمانت ہے اور کہا کہ پاکستان کو اسلامی نظام معیشت کے ذریعے ہی آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلہ کے بعد اب حکومت کی اہم ذمہ داری ہے کہ سودی نظام کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔اس موقع پر نائب امراء ضلع و دیگر ذمہ دران بھی موجود تھے۔