یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن دیہی سطح تک اپنی خدمات کو وسعت دے ؛ وزیراعظم کے معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی

8

اسلام آباد،4نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کو دیہی سطح تک سروسز بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

 جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے کہا کہ وہ دیہی سطح تک اپنی خدمات کو وسعت دے کیونکہ زیادہ تر آبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت ملک بھر میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

معاون خصوصی کو کارکردگی اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن محمد علی عامر نے انہیں وزیراعظم کے خصوصی ریلیف پیکج اور یوٹیلیٹی سٹورز کے مجموعی آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایم ڈی نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور عوام کو نسبتاً کم قیمتوں پر برانڈڈ اور نان برانڈڈ اشیاء فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز میں ان اشیاء کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے بھی کم تھیں۔ اجلاس کو یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈی، غریبوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی، ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کی تعداد میں توسیع اور خیبر پختونخوا میں کم قیمت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ایم ڈی نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے صوبہ خیبر پختونخوا میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنے کے لیے 200 کے قریب موبائل سٹورز کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال ایبٹ آباد زون میں 100 موبائل سٹورز اور 100 دیگر پشاور زون میں کام کر رہے ہیں جو لوگوں کو اشیائے خوردونوش پر سبسڈی حاصل کرنے کے علاوہ اپنے علاقوں میں مصنوعات خریدنے میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس سی کو مالی سال 2020-2021 سے ایک منافع بخش ادارہ بنایا گیا ہے اور اسی طرح صارفین نے اس کی اشیائے خوردونوش کے اچھے معیار پر اعتماد کرتے ہوئے مجموعی مارکیٹ شیئر کا 30 فیصد گھی اور 16 فیصد چینی خریدی۔ سبسڈی کا طریقہ کار ڈیجیٹل ہے جبکہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور وزارت غربت کے خاتمے کے اعداد و شمار سے منسلک ہیں۔

ایم ڈی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں نہ صرف یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی رعایتی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ دور دراز علاقوں میں سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے موبائل سٹورز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز سیلاب، زلزلے وغیرہ جیسے قدرتی خطرات کے دوران وفاقی، صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے کیونکہ اس نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے لیے سیلاب کے دوران سندھ میں روزانہ 3 لاکھ 45 ہزار راشن بیگز کی ڈیمانڈ کے دوران 25 ہزار بیگز روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیے ہیں۔