سکھر: پاکستان ڈس ایبل فاؤنڈیشن اور روٹری کلب ڈیٹس ویلی اور کانفیڈنٹ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے معذوروں کوامدادی سامان کی تقسیم

4

سکھر،06دسمبر(اے پی پی): پاکستان ڈس ایبل فاؤنڈیشن اور روٹری کلب ڈیٹس ویلی اور کانفیڈنٹ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے پریس کلب میں معذوروں کو راشن، گرم کپڑے، مچھر دانیاں، کمبل اور جیکٹس سمیت دیگر سامان تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمان خاص ایس ایس پی میر روحل خان کھوسوتھے جبکہ اعزازی مہمانوں میں صدر پریس کلب خان محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید ساجد حسین شاہ، زکوة اور عشر کمیٹی کے ڈائریکٹر سلیم احمد ٹانوری، کونفیڈینٹ ڈس ایبل فاؤنڈیشن کے صدر مزمل حسین ،روٹری کلب کے رضوان احمدودیگر شامل تھے۔

ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ہمیں ایک مضبوط معاشرتی نظام بنا کر دیا جس کے تحت ہم سب کا فرض ہے کہ معاشرے میں موجود معذور افراد کی مدد اور ان کی دیکھ بھال کی جائے،ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے کہ سماجی سطح پر معذور افراد کی مدد کی جائے اور  کہا کہ میں یقین دلاتاہوں کہ ایسے افراد کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اس سے قبل کانفیڈنٹ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر مزمل حسین زیدی نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے مہمانان کو اجرک اور ٹوپی کے تحفے پیش کیے بعد ازاں ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے معذور افراد میں سامان تقسیم کیا۔