الیکشن کمیشن ہرسال سات دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے مناتا ہے، تنویر احمد ہمایوں

30

بہاول نگر،07 دسمبر( اے پی پی): ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بہاول نگر تنویر احمد ہمایوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ہرسال سات دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے مناتا ہے، یہ دن منانے کا مقصد عوام کو جمہوری اور قومی ذمےداری سے روشناس کرانا ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول بہاولنگر کے ہال میں ضلعی الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں مختلف محکموں کے افسران ، سول سوسائٹی کے نمائندوں ،اور دیگر تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بہاول نگر نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ پاکستان کا ہر شہری شناختی کارڈ بنوا کر ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں۔  سیمینار سے خطاب میں مختلف مقررین کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی میں ووٹ بنیادی اہمیت کاحامل ہے، جمہوری نظام میں رائے دہندگان کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کا فیصلہ کرتے ہیں، ووٹ کی طاقت عوام کو قیادت چننےکاحق دیتی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی سطح پر ووٹ سے متعلق آگاہی مہم قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں خواتین کا کردار اہم ہے اور وہ اپنے حقوق کا تحفظ ووٹ کی طاقت سے کر سکتی ہیں۔سیمینار کے اختتام پر ووٹرز ڈے کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک بھی کی گئی۔