ملتان،10دسمبر (اے پی پی):لیفٹ ہینڈڈ قومی بلے باز سعود شکیل نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گےامید ہے کہ ہم 320 سے 330کےٹارگٹ تک انگلینڈ کوآؤٹ کر لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار قومی بلے باز نےملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سعود شکیل نے کہا کہ ٹارگٹ چاہے جو بھی ہو ہم جیت کی جانب جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچ سپنر کیلئے ساز گار ہے،میچ نتیجہ خیزہوگا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سعود شکیل نے کہاکہ انگلینڈ کا اپنا گیم پلان ہے جبکہ ہم اپنے گیم پلان پر عمل کررہے ہیں بدقسمتی رہی کہ ہمارے بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکے،انگلش بالرز نے اچھی گیندیں کرائی،مگر ہم نے ابھی ہمت نہیں ہاری،ہم ان کوتین، ساڑھے تین سو رنز کے قریب قریب آوٹ کرکے جیت کی طرف جائیں گے۔
قومی بلے باز نے کہاکہ وکٹ کا رویہ تبدیل ہورہاہے،سپن ہورہی ہے مگراب اس میں پہلے جیسی کاٹ نہیں ہے اس لئے ٹارگٹ حاصل کرنااتنا مشکل نہیں ہوگا،سب لوگ ایک بات پر متفق ہیں کہ جیت کےلئے کھیلناہے۔