بیت المال نے یتیم بچیوں اور بیواؤں کے انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیجیٹل آغاز کردیا ہے،  ایم ڈی عامر فدا پراچہ

24

لاہور،26دسمبر  (اے پی پی):ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہاہے کہ پاکستان بیت المال نے یتیم بچیوں اور بیواؤں کے انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیجیٹل آغاز کردیا ہے، پروگرام کے تحت بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ ہمارا مقصد پاکستان کی غریب عوام کی خدمت کرنا ہے،موجودہ حالات میں بچیوں کی تعلیم پر توجہ ضروری ہے ،یہ بچیاں تعلیم حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پیر کے روز یہاں ایوان اقبال میں یتیم بچیوں اور بیواؤں کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عامر فدا پراچہ نے کہا کہ بیواؤں کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے ،نجی بینک کے ذریعے رقم خواتین میں تقسیم کی جائے گی ۔

تقریب میں لاہور ڈسٹرکٹ کی درجنوں یتیم بچیوں اور بیواؤں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دس ہزار روپے کے حساب سے رقوم تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضٰی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال قاسم ظفر اور انچارج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و سویٹ ہومز ڈائریکٹر عباس خان نیازی اورانجینئر محمد اعظم سمیت دیگر نے شرکت کی۔

قاسم ظفر اور انچارج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و سویٹ ہومز ڈائریکٹر عباس خان نیازی نے مذکورہ پروگرام کے اعزاض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور مہمانوں کو تقریب میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکیم کے تحت بیوہ خواتین اور یتیم بچیوں کی کفالت کے لیے ایک گھرانے میں ایک یتیم ہے تو 6ہزار روپے ، اگر گھرانے میں ایک سے زیادہ بچے ہونے پر 10 ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔

 پیپلز پارٹی  کے رہنما حسن مرتضٰی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بیواؤں اور ان کے بچوں کو تعلیم دینے کیلئے ہے ،اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو خودمختار کریں گے ،وہ خواتین جو اپنے بچوں کو پڑھانا چاہتی ہیں ان کے لیے یہ اچھا اقدام ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور غربت کے دور میں بچوں کی تعلیم پر توجہ دینا ضروری ہے۔