جلالپورپیروالا؛ حکومت پنجاب کے تحت فصلوں کے بیمہ (تکافل)کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری

11

جلالپورپیروالا،10 دسمبر(اے پی پی ):پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح جلال پورپیروالہ میں بھی فصل ربیع کے بیمہ (تکافل) کے لیے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ فصل بیمہ (تکافل)پروگرام کے تحت فصل ربیع 23/22اور فصل خریف 2023کے لیے صوبہ پنجاب کے 27اضلاع میں گندم، کینولہ، سورج مکھی، کپاس اور دھان کے کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی آفات اور ٹڈی دل کے حملہ کے نقصان کے ازالہ کے لیے بیمہ پروگرام کے تحت رجسٹریشن کی جارہی ہے۔

 اس پروگرام میں شیخوپورہ، ساہیوال،لودھراں، رحیم یار خان، فیصل آباد، ملتان، مظفر گڑھ، نارووال،راجن پور، بھکر، ڈی جی خان، قصور، خانیوال، لیہ،منڈی بہاؤ الدین، بہاولنگر، بہاولپور،اوکاڑہ، وہاڑی، خوشاب، جھنگ، چنیوٹ، پاک پتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی اور حافظ آباد کے اضلاع شامل ہیں۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں نے بتایا کہ فصل بیمہ (تکافل)پروگرام کے تحت اب تک 14لاکھ 82ہزار 9سو 70کاشتکار استفادہ حاصل کر چکے ہیں جن کی فصلات کے بیمہ کا پریمیم حکومت پنجاب کی طرف سے ادا کردیا گیا ہے ،کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی دفاتر کراپ رپورٹنگ سروس /زراعت توسیع یا ویب سائٹ پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بیمہ کا اطلاق صرف تحصیل میں فصلوں کی پیداوار کے اعداد وشمار پر ہوگا ۔