ملتان، 09 دسمبر (اے پی پی ):انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے ہیرو ابرار احمد نے کہا ہے کہ ڈیبو کا پریشر لئےبغیر میدان اترا ، مسٹری بالر ہوں، گیند سے کھیلتا ہوں اس لئے کسی کے سمجھ میں نہیں آتا ،جوئے روٹس اور بین کی وکٹ لینا خواب تھا یہ خواہش بھی اللہ تعالیٰ نے پوری کردی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگ سپنر کاکہنا تھا کہ مجھے رات بتایا گیاکہ کل ٹیسٹ ڈیبو ہے میں نے کوئی پریشر نہیں لیا، سکون سے سویا، ثقلین بھائی نے بھی کیپ دیتےہوئے کہاکہ جس طرح سندھ کی طرف سے پرفارمنس دیتے ہو ایسے ہی کھیلناہے، کوئی خاص پلاننگ نہیں کی تھی، اب دوسری اننگز میں دس وکٹیں لینا کا پلان کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کرسکتے ہیں، وکٹ کیسی بھی ہو ہمیں سوفیصد پرفارمنس دینی ہے، اس کےلئے کوئی بہانہ ہیں چلتا۔
انہوں نے کہا کہ سفید گیند سے میں کافی عرصے سے کھیل رہا ہوں، ریڈ بال سے اب موقع ملنےلگا ہے اس میں بھی پرفارم کرناہے۔ انہوں نےکہا کہ میں سیدھا سادہ بالر ہوں، کبھی سیم سے کھیلتاہوں، کبھی سیدھی گیندیں کراتاہوں مگر میں مسٹری بالر ہی کہلانا پسند کروں گا ۔