اسلام آباد،10دسمبر(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خواجہ سراء کمیونٹی کو بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کرنا احسن اقدام ہے، یہ اس محروم طبقہ کے حقوق کی بحالی کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔
10دسمبر انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفط کسی بھی مہذب اور انصاف پسند معاشرے کی بنیاد ہے، انسانی حقوق کی پامالی کوئی بھی معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دوسروں کے بنیادی حقوق کا احترام کرتی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ہر ممکن کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ وزارت تخفیف غربت بالخصوص بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور انشاءاللہ آگے بھی کرتا رہے گا۔