صوبائی وزیرمحمود الرشید کا دورہ اوکاڑہ،تین ارب 10کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا

38

اوکاڑہ،30دسمبر(اے پی پی ):صوبائی وزیر بلدیات و سماجی ترقی میاں محمود الرشید نے اوکاڑہ کا دورہ کیا اورتین ارب 10کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا ۔

اس موقع پر اظہارصوبائی وزیر بلدیات و سماجی ترقی میاں محمود الرشیدنے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پروگرام اوکاڑہ کے دیرینہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مشکلات اور اور دکھوں کے ازالہ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میونسپل کمیٹی کو پنجاب بھر میں سب سے زیادہ فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں، اوکاڑہ میں 150کروڑ روپے سے نیا سیوریج بچھایا جا رہا ہے، شہر کے تین بڑے پارک کروڑوں روپے کے فنڈز سے اپ گریڈ کئے جائیں گے اور شہر کی 100بڑی گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جائے گی پنجاب حکومت علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ اوکاڑہ کے سٹیز پروگرام گذشتہ ادوار میں سست روی کا شکار تھے لیکن اشرف خاں سوہنا نے ذاتی کاوشوں سے ان منصوبوں کو متحرک کیا ہے اور انشاء اللہ 5سے 6ماہ میں ان منصوبوں کو مکمل کریں گے ان منصوبوں کی تکمیل سے اوکاڑہ شہر کے دیرینہ مسائل حل ہو گے اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانی آئے گی۔

اس موقع پر کوآرڈنیٹرسٹیزپروگرام پنجاب اشرف خاں سوہنا نے صوبائی وزیر کو ضلع اوکاڑہ کے مسائل علاقائی ترقی کے لئے منتخب کی گئی سکیموں سے متعلق بتایا ۔ اشرف خان سوہنا نے اوکاڑہ سے ملحقہ دیہات کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے عوامی مطالبہ کو بھی پیش کیا جس پر صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ ورلڈ بینک کے آئندہ پروگرام میں اوکاڑہ کے 200دیہات میں مقامی قیادت کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں گے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا ،ڈی پی او کیپٹن (ر) فرقان بلال ،پی ٹی آئی راہنما اشرف خان سوہنا ،ٹکٹ ہولڈر چوہدری عبداللہ طاہر ، مہر محمد جاوید ،محمد اکرم بھٹی ،پی ٹی آئی ضلع اوکاڑہ کی مقامی قیادت ،خواتین ونگ کی راہنما شازیہ احمد،ملک غلام نبی کھوکھر، شہزاد شفیع ،چوہدری عرفان سگی ،سردار علی حیدر وٹو،سمیت عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔