ملتان،10 دسمبر(اے پی پی):کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ریونیو افسران کو ریکوری اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ ملکیتی انتقال،آبیانہ اور واٹر ریٹ،سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لائی جائے اور ملکیتی انتقال،اسٹامپ ڈیوٹی کے واجبات بھی کلئیر کئے جائیں۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی صدارت میں ڈویژن کا ریونیو جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کرکے سرکاری اراضی واگزار کروائیں ۔انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں اور عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جائے۔
کمشنر نے کہا کہ ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں اور اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگرجوڈیشل کیسز کی مکمل پیروی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیز، اے سیز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں اور عدالتوں میں کیسز کے جلد حل کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا ریونیو معاملات کو بہترین انداز سے چلانا افسران کا اصل کام ہے ، انتظامی معاملات میں الجھ کر ریونیو معاملات کو نظر انداز نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو نے سرکاری ریکوری کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا ہے ، زرعی انکم ٹیکس کے نادہندگان کی جائیدادوں کو بلاک کیا جائے۔
اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ عام شہر کی فلاح و رہنمائی اصل مقصد ہے، نادہندگان کے نام اور پراپرٹی ریکارڈ پر نوٹس جاری کئے جائیں اور ریونیو کورٹس میں زیرالتواء کیسز کی فوری تکمیل کی جائے۔
ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، لینڈ ریکارڈ افسران موجود تھے اور اجلاس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے ریونیو کارکردگی پر بریفنگ دی۔