ملتان،9دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ میں اسپنر ابرار احمد نے شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے 22 اوور میں 114 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کو281 رنز تک محدود کر دیا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 38 کے مجموعی اسکورگری 117 رنز پر دوسری وکٹ گرتے ہی ڈیبیو کرنے والے اسپنر ابرار احمد نے انگلینڈ ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔ جس کے بعد انگلش ٹیم کوئی بڑی پارٹنرشپ نا بنا سکی ۔145 کے اسکور پر تیسری، 164 کے اسکور پر چوتھی، 167 کے اسکور پر پانچویں، 228 کے اسکور پر چھٹی اور ساتویں وکٹ 231 کے اسکور پر حاصل کرکے ابرار احمد نے انگلش کھلاڑیوں کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔باقی تین وکٹیں زاہد محمود نے بالترتیب 245، 245 اور 281 کے مجموعی سکور پر حاصل کیں۔انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 63 اور اولی پوپ 60 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔