ملک میں عام انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے،نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے نے ملک کو بربادی کی دلدل میں دھکیل دیا؛  وزیر دفاع خواجہ آصف

22

لاہور،26دسمبر  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم کسی سے بلیک میل ہونے والے نہیں،ملک میں عام انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے،پاکستان کو بہتری کی طرف لیکر جا رہے ہیں،سابقہ حکومت کا دور ملکی تاریخ کا بدترین دور ثابت ہوا،نئے پاکستان بنانے والے خیبر پختونخوا میں استعفے کیوں نہیں دے رہے،جب ہم نے مفاہمت کا راستہ اختیار نہیں کیا تو اس وقت لیبارٹری میں رکھے عمران خان کو ملک پر مسلط کر دیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو خواجہ محمد رفیق شہید کے 50  ویں یوم شہادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق ، سردار ایاز صادق ،سابق وزیراعظم آزاد کشمیرسردار عتیق، کنوینرایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی ،حامد میر، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی و مرکزی رہنما و دیگر موجود تھے۔

وزیر دفاع  نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے والد خواجہ محمد رفیق شہید کی سالانہ برسی کی تقریب میں عرصہ دراز سے شرکت کر رہاہوں،میرے والداور خواجہ محمد رفیق دیرینہ دوست تھے اوران کی ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے رہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح  نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا مگر کچھ عرصہ سے کشمیراور فلسطین کی عوام پر جو ظلم کیا جا رہا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا گیا اور اسے سوشل میڈیا پر بھی نمایاں پذیرائی ملی جسے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح کی سیاست پاکستان میں ہو رہی ہے ہمارا فوکس کشمیر سے ہٹتا جا رہا ہے، گزشتہ حکومت کے دور اقتدار  میں مسئلہ کشمیر کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی و سیاسی امور سردار  ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کا سفر 2017  میں شروع ہو چکا تھا  کیونکہ پیپلزپارٹی ، ن لیگ، ایم کیو ایم ، جی ڈی اے کے رہنما ہمیں آ کر بتاتے تھے کہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے،آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد  نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد خواجہ محمد رفیق شہید کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ  پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سیاست دانوں کو سرجوڑ کر بیٹھنا ہو گا۔

تقریب سے سینئر صحافی حامد میر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود ،خواجہ سلمان رفیق نے بھی خطاب کیا۔