لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وزیراعلی آفس میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ملاقات کی۔ وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے چیئرپرسن سارہ احمد کو اٹلی میں گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔چیئرپرسن سارہ احمد نے وزیراعلی چودھری پرویز الہی کو گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ پیش کیا۔ وزیراعلی پرویز الہی نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا عالمی ایوارڈ کیلئے ٹاپ ٹین افراد میں منتخب ہونے پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ بے سہارا بچوں کی مدد کاٹاسک دراصل انسانی ہمدردی کا بہترین نمونہ ہے۔ بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنا معاشرتی المیہ ہے۔ایسے عناصر کا قلع قمع کریں گے۔ بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورومیں لا کر مفید شہری بنانا چاہتے ہیں۔چودھری پرویز الہی نے کہا کہ شہری بچوں کوبھیک یا خیرات نہ دے کر حوصلہ شکنی کریں۔وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے مستقبل میں بھی بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی کا اعادہ کیا-چیئرپرسن سارہ احمدنے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی سپورٹ کرنے پر وزیراعلی چودھری پرویز الہی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔انہوں نے چودھری پرویز الہی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کے بارے آگاہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو مزید فعال اور بہتر بنانے کی ہدایت کی اور سارہ احمد اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔