وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت پنجاب جرنلسٹ ہا ئوسنگ فائونڈیشن بورڈ کااجلاس، لاہور پریس کلب ہائوسنگ سکیم فیز 2کا اعلان

15

لاہور۔30نومبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں پنجاب جرنلسٹ ہا ئوسنگ فائونڈیشن بورڈ کااجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی نے پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن بورڈ کے دسویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لاہور پریس کلب ہائوسنگ سکیم فیز 2کا اعلان کیا۔ وزیراعلی پرویزالہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب ہا ئوسنگ سکیم فیز2کیلئے تحصیل کینٹ میں اراضی دی جائے گی۔آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں 500کنال لاہور پریس کلب ہائوسنگ سکیم فیز2کیلئے مختص کیے جائیں گے۔ لاہورپریس کلب ہائوسنگ سکیم فیز 2میں 5،5مرلے کے پلاٹ دیئے جائیں گے۔اجلاس میں لاہورپریس کلب میں بی بلاک میں غیر قانونی طورپر 15پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کی گئی ،وزیراعلی نے کہا کہ بی بلاک کے حقداروں کو شفاف طریقے سے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔وزیراعلی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پریس کلب ہائوسنگ سکیم بی بلاک میں ناجائز قابضین سے قبضے واگزار کرائے جائیں اوربی بلاک کے متاثرین کو ان کا حق دلایا جائے گا۔وزیراعلی نے بی بلاک کے متنازع امورطے کرنے کیلئے رپورٹ طلب کرلی اورہدایت کی کہ بی بلاک کے متاثرین کے مسئلے کے حل کیلئے جلد میٹنگ بلائی جائے۔ وزیراعلی پرویزالہی نے فیصل آبادپریس کلب ہائوسنگ سکیم کیلئے سفارشات طلب کرتے ہوئے کہاکہ فیصل آباد پریس کلب ہائوسنگ سکیم میں پانچ،پانچ مرلے کے 468پلاٹ دیئے جائیں گے۔وزیراعلی پرویزالہی نے پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے ذمے واجب الادا 35کروڑ سو د معاف کر دیا۔ پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو واجبات کی مد میں 35کروڑ روپے اداکرنا تھے۔وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بتدریج جرنلسٹ ہائوسنگ سکیم لائیں گے۔18سال قبل سب سے پہلے جرنلسٹ بھائیوں کیلئے ہائوسنگ سکیم قائم کی اور لاہور،راولپنڈی وملتان میں صحافیوں کو سینکڑوں پلاٹ دیئے گئے۔صحافیوں کیلئے اپنے گھر کا خواب پورا کریں گے۔ پریس سیکرٹری وزیراعلی چودھری محمد اقبال، صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا، صدر لاہور پریس کلب محمد اعظم چودھری، صدر راولپنڈی پریس کلب کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی رانا محمد طاہر،پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری رانا محمد عظیم، ایم ڈی پی جے ایچ ایف را ئو پرویز اختر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، زینب عمیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہورڈویژن،سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری سیٹلمنٹ کمشنر بورڈ آف ریونیو، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ایف ڈی اے اورڈی جی پی آر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔