اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری کی زیر صدارت بی آئی ایس پی بورڈ کا 56واں اجلاس منعقد ہوا۔بی آئی ایس پی بورڈ اجلاس نے مستحقین کو فنڈز کی ادائیگی کے نئے نظام کی منظوری دی۔اس نظام کے تحت مستحقین کسی بھی بینک میں کھاتہ کھول کر فنڈز وصول کر پائیں گے۔ شازیہ مری نے کہا کہ بورڈ ممبران پروگرام سے مستفید ہونے کے لئے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی موبلائزیشن میں اپنا کردار ادا کریں۔ شازیہ مری نے اس موقع پر بتایا کہ بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے تاریخ کے بدترین سیلاب سے متاثرہ 2.8 ملین خاندانوں میں وزیراعظم کیش ریلیف کے طور پر 70 بلین روپے تقسیم کئے گئے ۔ وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے فلڈ ریلیف میں جانفشانی سے کام کرنے پر بی آئی ایس پی عملہ ، نادرا اور پارٹنر بینکس کو بھی سراہا اور کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے حکومت نے ابھی مزید بہت کام کرنا ہے۔