اسلام آباد،9دسمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب سید آصف جاہ نے پورٹ قاسم بندرگاہ پر پھنسے ہوئےسویابین بیج کے درآمدی کنٹینرز فوری ریلیز کرنے کی سفارش کرتے ہوئے سات روز میں رپورٹ طلب کرلی۔اس حوالے سے جمعہ کو وفاقی ٹیکس محتسب میں وفاقی ٹیکس محتسب سید آصف جاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایف بی آر، پولٹری ایسوسی ایشن اور سویا بین بیج کے برآمدکنندگان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بندرگاہ پر پھنسے ہوئے سویابین بیج کے کنٹینر کی کھیپ سے متعلق معاملے پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔
لیگل ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب الماس علی جوندہ نے سینئر ایڈوائزر ماجد قریشی،ارسلان سبکتگین اور سہیل الطاف کے ہمراہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی ٹیکس محتسب نے حکومت کو بائیو سیفٹی رولز2005 کے تحت سفارش کی ہے کہ ان درآمد کنندگان کو ایک بار سویا بین بیج کے پھنسے ہوئے کنٹینرز کی کھیپ جاری کرنے کی اجازت دی جائے اور اس حوالے سے متعلقہ فریقوں سے ضمانت اور یقین دہانی لی جائے۔ایک دفعہ اجازت کیلئے محکمہ موسمیاتی تبدیلی قانون کے مطابق اس حوالے سے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کراچی کو ہدایت جاری کرے۔کلیکٹر کسٹم کلیکٹوریٹ آف کسٹم بن قاسم کراچی بندر گاہ پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ریلیز آرڈر ملنے کے فوری بعد سویا بین بیج کی پھنسی ہوئی کھیپ فوری جاری کرے۔فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ای پی اے اور نیشنل بائیو سیفٹی کمیٹی 2018سے جی ایم او سویا بین کی درآمد کیلئے لائسنسوں کے اجراء کی زیر التوا درخواستیں نیشنل بائیو سیفٹی رولز2005کی شق 11 کے تحت نمٹائی جائیں۔اس حوالے سے 7روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے پولٹری ایسوسی ایشن اور سویابین بیج کے درآمد کنندگان کی درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کہاکہ اس فیصلہ سے پولٹری کی صنعت کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا صرف صدر مملکت کے پاس اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔کاروباری شخصیت سہیل الطاف نے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب کے اس فیصلے کو سراہا۔