نوشہرہ ورکاں، 10 دسمبر( اے پی پی):میڈیکل سپریڈنٹ تحصیل ھیڈ کواٹر نوشہرہ ورکاں ڈاکٹر مقصود ظفر مان نے کہا ہے کہ تحصیل ھیڈ کواٹر ہسپتال کے ایمرجنسی شعبہ کو وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ عملہ بھی بڑھایا جائیگا اور ہر ممکن چوبیس گھنٹے فعال سروس رکھی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپریڈنٹ تحصیل ہیڈ کواٹر نوشہرہ ورکاں ڈاکٹر مقصود ظفر مان نے تحصیل ہسپتال کا چارج لینے کے بعد اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈاکٹر مقصود ظفر مان نے کہا کہ پسماندہ ترین علاقوں میں بھی صحت کی بنیادی سہولتوں کی جس قدر ضرورت ہے ایسے ہی اداروں میں تعینات ملازمین کو اپنی سروس کو بہتر سے بہتر اور عوامی خدمت کی نظر سے رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے چارج لیتے ہی ماتحت ملازمین کی حاضری چیک کی اور غفلت و لاپرواہی سے کام لینے والے ملازمین کو باور کرایا کہ ہسپتال کے اوقات کار میں حاضری کو یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر مقصود ظفر مان کا مزید کہنا تھا کہ حلال روزی کا تصور ذہن میں رھے تو کوئی جواز موجود نہیں رہتا کہ اداروں میں عام شخص کے لیے اعتماد کی فضا بحال نہ ہو، صحت کے ادارے مسیحائی کردار کا حصہ ہیں جہاں پر سروس کو عبادت کی نظر سے کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عملہ صفائی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو فرض جان کر پورا کریں۔