ملتان،12دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ میں ہرانا آسان نہیں ہے،پاکستان میں سیریزجیتنا ہمارے لیے بڑی بات ہے۔ تاریخی فتح کےلئے ہم تیار تھے۔
پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ اور سیریز جیتنے کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ میچ اور سیریز جیتنے کی بہت خوشی ہے تیسرے دن آخری سیشن میں امام الحق کا آؤٹ ہونا بڑا بریک تھرو تھا،چوتھے دن صبح کے سیشن میں مارک وڈ کی دو وکٹیں ہمیں میچ میں واپس لے کر آئیں۔
بین سٹوکس نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمارے سپنرز کے خلاف اٹیک کا منصوبہ بنایاہوا تھااس لئے میچ کے آخری دن فاسٹ باؤلرز سے زیا دہ باؤلنگ کروائی۔انہوں نے کہا کہ ابرار جیسے بیٹنگ کر رہا تھا ایک بار تو ہم ڈر گئے تھے،ابرار پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا سپر سٹار ہے سعود شکیل کے متنازعہ کیچ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انگلش کپتان نے کہا کہ تھرڈ ایمپائر کا فیصلہ ہمارے حق آیا،ایسا کرکٹ میں ہوتا ہے،کبھی فیصلہ آپ کے حق میں تو کبھی خلاف جاتا ہے۔
بین سٹوکس نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے یہاں کے شائقین سے بہت محبت ملی،گوکہ ہم 26 رنز سے جیت گئے پھر بھی ملتان کے شائقین نے ہمیں بہت سپورٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ 100 سالہ پرانی ٹیسٹ کرکٹ کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہر کھلاڑی کو آزادانہ طور پر کھیلنے کے لئے پورا موقع دیتے ہیں۔ملتان کی کنڈیشنز راولپنڈی سے مختلف تھیں،ملتان کی پچ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں کیلئے اسپورٹنگ تھی۔پچ سے سپنرز کو بہت مدد ملی،لڑکوں نے سیریز جیتنے کیلئے بہت محنت کی،آج امید تھی کہ ہم میچ جیت جائیں گے،چوتھے روز پاکستان بھی اچھا کھیلا۔