چترال،30دسمبر(اے پی پی): پشاور چترال شاہراہ پر کشادگی اور مرمت کا کام شروع ہوچکا ہے۔ ان سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے اگر ایک طرف مقامی لوگوں اور سیاحوں کو سفر میں آسانی ہوگی تو دوسری جانب اس سے حادثات کی شرح میں بھی کمی آئے گی، ان سڑکوں کی تعمیر پر علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دروش سے تعلق رکھنے والی خاتون کونسلر بی بی شاکرہ کا کہنا ہے کہ ان سڑکوں کی تعمیر اور مرمت سے اب خواتین کو آسانی کے ساتھ ہسپتال پہنچایا جاسکے گا۔ انجینئر ذیشان الحق نے ان سڑکوں کی کشادگی اور تعمیر و مرمت پر این ایچ اے کا شکریہ بھی ادا کیا کہ اس سے چترال کی سیاحت بھی فروغ پائے گی۔ ویلیج کونسل دروش بازار کے چئیرمین عبد القادر نے اسے سیاحت کی فروغ کیلئے نہایت اہم قراردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جب ان سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل ہوگا تو لوگوں کو بھی آنے جانے میں آسانی ہوگی۔
پشاور چترال سڑک کی بلیک ٹاپنگ یعنی تارکولی کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے دونوں جانب شولڈرز میں پہلی بار ٹرانزٹ مکسر مشین کے ذریعے کنکریٹ کا کام کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف اس سڑک کی حفاظت یقینی ہوگی بلکہ گاڑیوں کو بھی کراسنگ یا اور اورٹیکینگ کرنے میں آسانی ہوگی اور حادثات کی شرح بھی کم ہوگی۔