کوئٹہ،22 دسمبر(اے پی پی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی۔اس موقع پر سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری سمیت صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی اور صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بلوچستان کے مالی مسائل و مشکلات کے حل میں وفاقی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کے اراکین اور صوبے کی سیاسی قیادت کے ہمراہ اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کرینگے جبکہ بلوچستان کو درپیش مالی مسائل اور صوبے کو وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے حصے کے اجراء میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔
صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی کی جانب سے مالی صورتحال پر آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال بلوچستان کو این ایف سی کے تحت ملنے والے شئیر میں 11 ارب روپے کم ملے اور رواں مالی سال کے دوران پانچ ماہ میں وفاقی حکومت سے مجموعی طور پر 27 ارب روپے کم موصول ہوئےہیں اگر یہ ہی صورتحال برقرار رہی تو تنخواہوں کے لیے بھی فنڈز نہیں ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ پی پی ایل کے ذمہ 30 ارب روپے کے واجبات ہیں جن کے فوری اجراء کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور سینٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے وفاق میں بلوچستان کا کیس بھرپور انداز سے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔











