ڈپٹی کمشنر کا نوشہروفيروز شہر کا ہنگامی دورہ ، جگہ جگہ گندگی اور پانی جمع ہونے کی صورتِ حال کا جائزہ  لیا

19

نوشہروفيروز،25 دسمبر (اے پی پی ):نوشہرو فیروز میں روڈ رستوں پر گٹر کا گندہ پانی جمع ہونے کی صورت میں ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے آج رات دیر گئے ٹاؤن ایڈمنسٹریٹر احسان اللہ اور چیف میونسپل افسر مورو عمران علی میمن کے ہمراہ شہر کا  ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو 15 دن کے اندر صاف ستھرا کر دیا جائے گا، عوام کو تکلیف دینے کے عوامل کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سندھ کالونی ڈسپوزل، اللہ والا چوک اور شہر کے مین روڈ کا معائنہ کیا۔

 اس موقع پر نیشنل بینک کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے  کہا کہ شہر میں گندگی کی شکایات مل رہی تھیں،. سابقہ ٹاؤن ایڈمنسٹریٹر آفس ہی نہیں آتا تھا میں نے لوکل بورڈ سے درخواست کر کے اسسٹنٹ کمشنر احسان اللہ کو ایڈمنسٹریٹر کا چارج دلوایا ہے  جبکہ ٹاؤن افسر کی مقرری کے لئے بھی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ڈرینیج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی بنائی ہے اور دوسرے شہر سے ٹیم منگوائی ہے۔انہوں نے سینیٹر ی کے عملے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایمانداری سے شہر کی بہتری کے لئے کام کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی کے لئے تیار رہیں، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کے عملے کو سمجھ جانا چاہیے کہ وہ سرکاری ملازم ہیں اگر انہوں نے کام نہیں کیا تو انہیں اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا  پڑیں گے۔