چنیوٹ،یکم دسمبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے ٹی ایچ کیو ہسپتال تحصیل بھوانہ کا اچانک دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ مہتاب احمد خان، ایم ایس ڈاکٹڑ عظیم راشد و دیگر بھی ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ایمرجنسی، جنرل، ڈینٹل سمیت دیگر وارڈز میں جا کر مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامات کو چیک کیا۔ انہوں نے مریضوں کو بروقت چیک کرنے اور انکے ساتھ عملہ کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی انکا کہنا تھا کہ جو عملہ کام ٹھیک نہیں کرتا اسکے ساتھ سختی سے پیش آئیں۔ مریضوں اور انکے لواحقین سے ناروا سلوک سے پیش آنا ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو ادویات ہسپتال سے ہی مہیا کی جائیں اور ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے۔