اوکاڑہ،07جنوری(اے پی پی ): ماہ نومبر اور دسمبر میں پولیس نے16منظم گینگز کے 57ملزمان گرفتار کر کے تقریباً 5کروڑ کاڈکیتی شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کر دیا ہے ۔
ترجمان پولیس ضلع اوکاڑہ کے مطابق ماہ نومبر اور دسمبر میں اوکاڑہ پولیس کی کارکردگی شانداررہی، اوکاڑہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا، 16منظم گینگزکے 57ملزمان گرفتار کئے، جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پرای گٹگیٹ ایپلیکیشن کے ذریعے 69لاکھ58ہزار سے زائد مالیت کے 203عدد موبائل فونز برآمد کئے گئے۔پولیس نے منظم حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ناصرف ملزمان کو گرفتار بلکہ ان کے قبضہ سے لوٹی ہوئی دولت بھی برآمد کی۔
دوماہ کے عرصہ میں ضلعی پولیس نے 1 عدد لوڈر رکشہ، 25 عدد موٹر سائیکلیں،2 عدد کاریں، 11 راس بھینسیں،12 گائے، 8 شاخ بکرے /بکریاں،طلائی زیورات اورموبائل فونز برآمد کئے جبکہ اسی عرصہ اسلحہ برآمد ہونے پر 234 مقدمات درج کیے گئے۔
گرفتار ملزمان کے قبضہ 34 عددرائفلیں،200 عدد پسٹلز برآمد کیے گئے۔ اسی طرح ماہ نومبر دسمبرمیں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ضلعی پولیس نے 321مقدمات کااندراج کیا اور گرفتارملزمان کے قبضہ سے تقریباً دو من چرس، 6457لیٹرز شراب، 38 عدد چالو بھٹیاں، 2 کلو افیون برآمد کی۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد فرقان بلال نے کہا کہ پولیس میں جزا اورسزا کا قانون موجود ہے، جس پر عمل پیرا ہیں، بہتر کارکردگی پر شاباش اور انعام جبکہ ناقص کارکردگی پر سزا دی جاتی ہے۔