اوکاڑہ،12جنوری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ خصوصاَ آٹا،چینی،گھی کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے لئے تمام پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کریں۔ آٹے کے سیلز پوائنٹ اور مقررہ دوکانوں پرسپلائی کی صورتحال اور فروخت کاریکارڈرکھاجائے۔ پرائس مجسٹریٹس اور متعلقہ محکمے باہمی ربط و رابطہ سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی دوسرے شہروں میں سپلائی اور سٹاک کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے فول پروف انتظامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو خالد جاوید بھٹی نے بتایا کہ ضلع میں آٹے کے سیلز پوائنٹ اور مقررہ دوکانوں پر 10 کلو گرام کے20 ہزار سے زائد تھیلے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ضلع میں 280 سے زائد دوکانوں کو آٹے کی فراہمی کے لئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ 31 آٹا سیل پوائنٹ بنائے گئے ہیں جن میں سے 15 تحصیل اوکاڑہ،10 تحصیل دیپالپور،6تحصیل رینالہ خورد میں بنائے گئے ہیں۔