اوکاڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلرز کانفرنس کا انعقاد،تعلیم و تحقیق میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

2

اوکاڑہ،13جنوری(اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی میں دو روزہ  وائس چانسلرز کانفرنس کا انعقاد کیا  گیا ، جس میں ملک بھر سے اکیس جامعات نے حصہ لیا، کانفرنس میں   تعلیم و تحقیق میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان یونیورسٹی کے مطابق کانفرنس کا مقصد تعلیم اور تحقیق کے مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینا اور اعلی تعلیم کو درپیش چیلنچز سے مل کر نمٹنے کےلیے لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔ کانفرنس مجموعی طور پہ تین سیشنز پہ مشتمل تھی جس میں تعارفی سیشن، پینل ڈسکشن اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ سیشن شامل تھے۔

پینل ڈسکشن کے دوران اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس کانفرنس کو پاکستان کی تاریخ میں اعلی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کےلیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ کانفرنس کےاختتام پر تمام شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

 یاد رہے کے اس سے پہلے پروفیسر واجد نے یونیورسٹی کا انتظامی عہدہ سنبھالنے کے بعد اکیس جامعات کے ساتھ معاہدے کیے۔ پروفیسر واجد نے تمام جامعات کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ مل کر روز مرہ کےانتظامی و دفتری معاملات جیسا کہ داخلے، فیس کولیکشن، رجسٹریشن، فنانس وغیرہ کی بہتر تنظیم کےلیے ایک جدید سافٹ وئیر بنائیں۔