ابوظہبی چیمبر  کے وفد کی وزیر اعظم  سے  ملاقات،  ہنر مند افرادی قوت کو یواے ای  بھیجنا اولین ترجیح ہے؛شہباز شریف

7

ابوظہبی،13جنوری(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنرمند افرادی قوت کو متحدہ عرب ا مارات بھیجنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ خوش آئند ہے، ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے بورڈ میں پاکستانی تاجر کی بطور ممبر موجودگی  متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا اعتراف ہے۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعہ کو یہاں   ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت   چیمبر کے چیئرمین عبداللہ محمد المزروعی کر رہے تھے۔  وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یو اے ای کے ایک اہم چیمبر آف کامرس  کے وفد سے مل کر خوشی ہوئی۔  انہوں نے کہا کہ ابوظہبی چیمبر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر  میں   پاکستانی ممبران میں سے ایک تاجر کا بورڈ ممبر بننا ہمارے لئے فخر کی بات ہے  جو اس حقیقت کا مظہر  ہے  کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اور دانشمندی نے مختصر عرصے میں متحدہ عرب امارات کو اقتصادی اور سیاحت کا مرکز بنایا ہے، پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور عوام سے عوام کی سطح پر رابطوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کو اپنا ہمسایہ ہونے کے ناطے ایک اہم سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت دار سمجھتے ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشترکہ سماجی و اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہم پاکستانی چیمبرز پر زور دیں گے کہ وہ ابوظہبی چیمبر کے ساتھ نئے روابط استوار کریں۔

 وزیر اعظم نے ابوظہبی چیمبر کے اراکین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے بہترین مواقع کا تجربہ کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کریں۔انہوں  نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کو متحدہ عرب امارات بھیجنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے اراکین نے پاکستان میں کاروبار کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اورنگزیب ، طارق فاطمی اور اعلیٰ  حکام بھی موجود تھے۔