ملتان 21 جنوری (اےپی پی): ایوان تجارت و صنعت ملتان کے زیراہتمام سی ایس آر سب کمیٹی کے تحت ھدیہ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے امراض خون سے بچاؤ تھیلیسیمیا سے پاک ملتان واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک شاہراہ ایوان تجارت و صنعت ملتان سے شروع ہوکر کلمہ چوک پر اختتام پزیر ہوئی ۔
واک کے شرکاء نے بینرز پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر تھیلیسیمیا سے پاک ملتان کے سلوگن درج تھے۔ واک کے اختتام پر صدر ایوان میاں راشد اقبال،ندیم احمد شیخ،شیخ محمد عاصم سعید نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا سے پاک ملتان کے لیے ایوان تجارت و صنعت ملتان نے کوششیں شروع کردی ہیں تھیلیسیمیا لاعلاج مرض ہے لیکن اس کے خلاف آگاہی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس مرض سے بچا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو یقینی بنانے کے لیے موئثر قانون سازی کرے اور اس پر عملدرآمد کے لیے یقینی اقدامات کرے جبکہ ملتان میں تھیلیسیمیا سنٹر بھی قائم کیا جائے ہم حکومت پنجاب سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ملتان میں امراض خون کے تشخیصی 140بیڈ کے منظورشدہ ہسپتال کو طبی عملہ و متعلقہ آلات فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپریشنل ہوسکے اس سلسلہ میں ہم نشتر ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان اورھدیہ فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا فری ملتان کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا اور اس سلسلہ میں اپنی آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ عملی اقدامات بھی کرے گا۔