بین الاقوامی موٹر سائیکلسٹ سیاح عمرہ کی سعادت کے سفر نور کے سلسلے میں ملتان پہنچ گئے 

22

ملتان، 08 جنوری)اے پی پی ): بین الاقوامی موٹر سائیکلسٹ سیاح عمرہ کی سعادت کے سفر نور کے سلسلے میں ملتان پہنچ گئے،  لاہور تا مکہ سفر نور کے پہلے مرحلہ میں 25موٹر سائیکلسٹ سیاحوں نے  ملتان میں   قیام کیا اور اگلے مرحلہ میں ڈیرہ غازیخان کیلئے روانہ ہوگئے، سفر نور کے موٹر سائیکلسٹ سیاحوں کا ملتان پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

 قلعہ کہنہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گروپ لیڈر مکرم خان ترین نے بتایا کہ سفر نور لاہور تا مکہ ٹور دو ماہ میں مکمل ہوگا، عمرہ کی سعادت کے ٹور میں جنوبی پنجاب کے 3موٹر سائیکلسٹ سیاح قاسم علی فرخ ، سید فاروق شاہ اور ڈاکٹر فیصل بھی شامل ہیں۔ سفر نور حجاز مقدسہ ٹور کے دوران ایران، عراق ،اردن اور عرب ریاستوں سے گزریں گے۔ ایران تا عرب ریاستوں کا سفر بحری جہاز پر طے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سفر کیلئے سہولیات کی فراہمی پر پاکستان اور ٹور میں شامل تمام برادر اسلامی ممالک کے شکر گذار ہیں۔

مکرم خان ترین نے بتایا کہ  پہلی بار 2018ء میں موٹر سائیکلوں پر عمرہ کی سعادت کا پروگرام بنایا تھا۔ کورونا کے باعث سفر نور کی  روانگی میں 5برس کی تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ  دہشت گردی سے پاک ماحول ہمارا مشن ہے۔اخراجات بارےانہوں نے  کہا کہ  مجموعی اخراجات عام ذرائع  لگژری سفر کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہیں ، سخت سردی کے باوجود روانگی کا فیصلہ کیا ہے ۔

دریں اثناء موٹر سائیکلسٹ سیاح سفر نور کے اگلے مرحلہ میں ملتان سے ڈیرہ غازیخان کیلئے روانہ ہوئے تو ملتان سے تعلق رکھنے والے موٹر سائیکلسٹ سیاحوں عدنان مجاہد رفیق مرزا،عدنان، شہباز اکبر، رؤف شجرا، عامر بشیر، عثمان شجرا، سہیل انصاری اور افتخار نصیر نے رخصت کیا۔