ٹنڈومحمدخان،07 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان خود خوفزدہ ہے وہ حکومت کو کیا خوفزدہ کرے گا، تحریک انصاف کا سندھ فتح کرنا ایک خواب ہے،ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے،قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات کسی صورت ممکن نہیں ہیں، ہر روز شوشہ چھوڑنے والے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں،عمران خان خونی سیاست کررہا ہے، ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے،ملک میں مہنگائی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے۔ ملک بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ مخالفین ہر روز نیا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، عمران خان ملک میں انتشار پھیلانے اور خون خرابے کی سیاست کررہا ہے، عمران خان نے اپنے ذاتی مفاد کے لئے جو راستہ منتخب کیا ہے وہ ملک و قوم کے لئے غیر مناسب ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے،قبل از وقت انتخابات کی باتیں کرنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ یہ کسی صورت ممکن نہیں ہے، عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے اقتدار میں آنا چاہتا ہے لیکن ملک کی باشعور عوام نے اسے مسترد کردیا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان پر ہونے کے باوجود سبسڈی دی، جو کہ ملک و خزانے کی پہنچ سے باہر تھی، یوکرائن حملے کے بعد دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدے کئے،موجودہ حکومت کا آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے، ملک و قوم کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم آئی ایم ایف سے آسان شرائط پر قرض لیں گے۔
ملکی اکانومی صورتحال پر سید نوید قمر کا کہنا کہ ملکی اکانومی ڈاؤن ضرور ہے لیکن یہ ریورس ہورہی ہے، اپنی مقررہ وقت سے قبل اکانومی کی صورتحال مستحکم ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت قومی اسمبلی میں تاریخ کا بدترین ماحول ہے، تحریک انصاف اگر استعفے دے بھی دے تو الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ممکن ہیں۔
عمران خان کے سندھ فتح کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان سندھ کسی صورت فتح نہیں کرسکتے ہے، پیپلزپارٹی سندھ کی عوام کے دلوں میں بستی ہے،سندھ کی عوام ہرگز عمران خان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مک میں انتشار پھیلانے اور خون خرابے کی سیاست کررہا ہے، اپنے نوکانفیڈینس ہونے کے بعد وہ خود اپنے آپ میں نہیں رہا, وہ ہر صورت اقتدار حاصل کرنا چاہتا ہے۔
پنجاب حکومت توڑنے کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ پنجاب حکومت ختم نہیں ہوگی، پنجاب کا وزیراعلیٰ اب عمران خان کے قابو میں نہیں ہے۔ ایم کیو ایم سے اتحاد، دہشت گرد تنظیم اور متعدد دھڑوں میں تقسیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ متحدہ قومی موومنٹ کسی دھڑوں میں تقسیم نہیں ہے اور ناہی وہ دہشت گرد جماعت ہے، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ان کے خدشات دور کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری و دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں دو روڈ کا افتتاح کیا, انہوں نے یونین کونسل نورا میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری سے ان کی کزن کے انتقال پر تعزیت کی۔