پشاور۔21جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی محمداعظم خان نے ہفتہ کو گورنرہاس پشاور میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدے کاحلف لے لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محمداعظم خان سے بطور نگران وزیراعلی ان کے عہدے کاحلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمدغنی، سابق گورنر اقبال ظفرجھگڑا، جمعیت علما اسلام کے رہنما اکرم خان درانی، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان، غلام احمد بلور، وفاقی وزیربرائے مذہبی امورمفتی عبدالشکور، انجینئرامیرمقام، نگہت اورکزئی، اراکین قومی اسمبلی سمیت دیگرسیاسی وسماجی شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیرعلی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹرشہزاد بنگش،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، کمشنرپشاور ریاض محسود سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے بھی شرکت کی۔ گورنرحاجی غلام علی نے نگران وزیراعلی محمداعظم خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہارکیا۔