اسلام آباد،24جنوری(اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ سال 2022 ء میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد شکایات پر کارروائی کی گئی،وفاقی محتسب نے اب تک 19 لاکھ کے قریب شکایات نمٹائی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی محتسب کے 40 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب غریبوں کی خدمت کا ادارہ ہے،وفاقی اداروں کے خلاف شکایت کو ہم حل کرتے ہیں،بیوہ اور یتیم بچوں کے والدین کی پنشن، انشورنس سمیت متعدد کام کرتے ہیں۔
اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ وفاقی محتسب شکایت کو 60 دنون کے اندر حل کرتا ہے،شکایت کنندہ موبائل فونز سے آن لائن شکایت درج کرواسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندے تحصیلوں اور ٹاون میں جاکر شکایت کنندہ کی شکایت سنتے ہیں ۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے محتسب کی چالیسویں یوم تاسیس پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹیریٹ نے گزشتہ 40 برسوں کے طویل سفر کے دوران کئی کامیابیاں حاصل کی،وفاقی محتسب نے اب تک 19 لاکھ کے قریب شکایات نمٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال وفاقی محتسب نے آئی آرڈی کا منصوبہ شروع کیا گیا۔آئی آرڈی کے تحت جرگہ اور پنچائیت کی طرز پر باہمی رضامندی سے اب تک لوگوں کے 1114 تنازعات حل کئے گئے ۔ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کو وفاقی محتسب کا ادارہ نہیں سنتا۔مجموعی طور پر اس سال 3 ارب روپے سے زائد مالیت کے تنازعات کے بارے میں شکایت کنندگان نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ سال 2022 میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو وفاقی اداروں کے خلاف ایک لاکھ 84 ہزار 174 شکایات موصول ہوئیں ۔ایک لاکھ 57 ہزار 770 شکایات کے فیصلے کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیز کی طرف سے بیرون ملک پاکستانیوں کی 137,423 شکایات نمٹائی گئی ہیں ۔