سکھر،07(اے پی پی): ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے رکن فہد حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ سکھر ایئرپورٹ سے بیرون ممالک پروازیں شروع کرانے کیلئے کوشاں ہیں، سکھر سے نجی ایئر لائنز کی پروازیں شروع ہونے سے کومپٹیشن بڑھنے سے کرایوں میں کمی واقع ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ سکھر سے براہِ راست سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، نجف ، تہران کی پروزایں شروع ہونے سے سکھر کے کاروباری طبقے کے افراد و شہری مستفید ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے رکن فہد حفیظ شیخ نے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر عہدیداران و اراکین سے میٹنگ کے موقع پر کیا۔ میٹنگ کی صدارت چیمبر کے سینئر نائب صدر گرداس وادھوانی نے کی ، جس میں نائب صدر محمد کامل فاروقی، سابق صدر انجینئر عبدالفتاح شیخ ، حج / عمرہ / پی آئی اے / سی اے اے کمیٹی کے کنوینر محمد محسن فاروق ، سابق نائب صدر محمد خالد کاکیزئی ، رکن ایگزیکٹو کمیٹی عبدالصمد فاضلانی بھی شامل تھے۔
سینئر نائب صدر نے مہمان خصوصی کو سکھر چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا اور سکھر ایئرپورٹ سے براہ راست بیرون ملک پروازیں شروع کرنے کیلئے ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے تجاویز حکومت کو پیش کرنے کی گزارش بھی کی۔
سابق صدر انجینئر عبدالفتاح شیخ نے کہا کہ سکھر و لاڑکانہ ریجن کے شہریوں کو بیرون ملک سفر کرنے سے قبل کراچی یا ملتان ایئرپورٹ پہنچنا پڑتا ہے جس سے مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سکھر ایئرپورٹ کی توسیع کیلئے سکھر چیمبر صدر بلال وقار خان کی قیادت میں بھرپور طریقے سے کوشاں ہے۔