اسلام آباد،10جنوری(اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ سیاست ایک مقدس پیشہ ہے اور ایک دوسرے کو چور چور کہنے کا کلچر ختم ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کویہاں وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں کرپشن کے نقصانات اور تدارک کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔تسنیم احمد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے انسداد کرپشن کے حوالے سے مختلف ادوار میں کی گئی قانون سازی کے بارے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جتنے قوانین بنالیں ان میں کوئی نہ کوئی خامی رہ جاتی ہے جس کو بدعنوان عناصر اپنے فائدے کے لئے استعمال کرتے ہیں لہذا سب سے اہم بات انسان کے ضمیر کی آواز ہے۔
سیمینار میں اساتذہ کرام، افسران و ملازمین اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اپنے ابتدائی خطاب میں ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق انچارج اسلام آباد کیمپس نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا عزم وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کو کرپشن سے پاک ایک مثالی ادارہ بنانا ہے اور وہ اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔
اسلام آباد پولیس کے سید طاہر کاظم نے سیمینار سے کلیدی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے اسباب، اثرات اور قوانین پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو کرپشن کے خلاف مختلف حکومتی اداروں میں شکایت درج کروانے کے طریقہ کار کے بارے بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا شہری ہونے اور معاشرے کا فرد ہونے کے ناطے ہم سب کا فرض ہے کہ ہم کرپشن کے حوالے سے آواز اٹھائیں ۔