سیالکوٹ, 14جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا ہے کہ16سے 20 جنوری تک جاری رہنے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم میں سیالکوٹ کے شہری اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں جو بالکل محفوظ بھی ہیں، گزشتہ انسداد پولیو مہم کا آغاز میں نے خود اپنے گھر سے اپنی پانچ سال سے کم عمر بیٹی کو پلا کر کیا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز “اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ چیزابھی بھولنی نہیں ہے کہ ہمارا اگست کا پولیو کا ماحولیاتی نمونہ مثبت آیا تھا ، ہم پاکستان کے ان 8 یا 10 شہروں میں سے ہیں جہاں ابھی پولیو کا خطرہ موجود ہے ، ابھی یہاں پولیو موجود تو نہیں لیکن خطرہ موجود ہے لہٰذا سیالکوٹ کے تمام باسیوں سے التماس ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاں بھی اور جیسے جیسے پولیو کی ٹیمیں انکے پاس آئیں وہ انہیں خوش آمدید کہیں اورانکے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے پانچ سال سے کم عمرکے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائے جا سکیں تاکہ اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ سیالکوٹ میں فی الحال پولیو کا کوئی کیس نہیں ہے لیکن خطرہ ضرور موجود ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے ہم سب نے مل کے اس کے خلاف لڑنا ہے اور اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔