سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ” تجارت کے اسلامی اصول “کے عنوان سے  خصوصی نشست

25

سیالکوٹ،14جنوری(اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ” تجارت کے اسلامی اصول “کے عنوان سے ایک خصوصی نشست ہوئی ۔ معزز شرکاء کو تجارت کے اسلامی اصولوں کے بارے آگاہی دیتے ہوئے دعوت اسلامی کے معروف بین الاقوامی اسلامی سکالر الحاج ابوالبیان محمد اظہر عطاری نے کہا ہے کہ جب تک اللہ پر ہمارا تقوی مضبوط نہیں ہو گا تب تک نہ تو ہم سود میں سے نکل سکیں گے، نہ ہی جھوٹ سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک اور احادیث مقدسہ میں اسلامی تجارت کے حوالے سے ہماری رہنمائی کر دی گئی ہے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان اسلامی اصولوں پر عمل کریں اور انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنا کر ان سے مستفید ہوں۔

 الحاج ابوالبیان محمد اظہر عطاری نے کہا کہ اللہ تعالی پر بھروسہ کرنا ہی تجارت کے اسلامی اصولوں کا سب سے اہم و بنیادی جزوہے کیونکہ جب تک اللہ تعالیٰ پر ہمارا تقوی مضبوط نہیں ہو گا تب تک نہ تو ہم سود میں سے نکل سکیں گے، نہ ہی جھوٹ میں سے نکل سکیں گے، نہ ہی ہیرا پھیری سے نکل سکیں گے تجارت پیغمبری پیشہ ہے اور ہمارے آقا امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺکی تجارت میں آپ ﷺنے نہ تو کسی کو کبھی دھوکہ دیا، نہ کبھی جھوٹ بولا اور نہ ہی کسی کی امانت میں خیانت کی اور یہی وجہ ہے کہ آپ ﷺکے دشمن بھی آپ ﷺکو صادق اور امین کہہ کر پکارتے تھے۔

تقریب میں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک، سینئرنائب صدر وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ سمیت اراکین مجلس عاملہ، سابق صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس ، میاں نعیم جاوید ، اعجاز غوری، میاں محمد خلیل ، شیخ فیصل اور گروپ لیڈر ریاض الدین شیخ سمیت سیالکوت کی تاجر برادری کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔اس نشست کا اہتمام سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کمیٹی برائے مذہبی و ثقافتی امور کی جانب سے کیا گیا تھا،چیئرمین کمیٹی برائے مذہبی و ثقافتی امورمیاں محسن گل اور چیئرمین کمیٹی برائے ایونٹ خلیل احمد نے بھی اس خصوصی نشست میں شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔