ملتان۔21جنوری (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان ڈاکٹر معین مسعودنے کہاہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اوران کے مسائل کا بلاتاخیر ازالہ پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں سپروائزری افسران کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہے،ان خیالات کااظہارانہوں نے 49 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس میں شامل زیر تربیت اے ایس پیز کے پولیس لائنز ملتان کے مطالعاتی دورے کے موقع پر کیا۔کورس کمانڈر نیشنل پولیس اکیڈمی ایس ایس پی عمر ریاض چیمہ بھی ہمراہ تھے جبکہ سی پی او ملتان شاکرحسین داوڑ، ایس ایس پی آپریشنز ملتان سید علی، ایس پی گلگشت ڈویژن کیپٹن (ر) قاضی علی رضا، اے ایس پی نیو ملتان دانیہ رانا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔وفد میں نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد سے آئے 8خواتین سمیت36 زیر تربیت اے ایس پیز شامل ہیں۔ پولیس لائنز ملتان آمد پر اے ایس پیز کو سلامی دی گئی۔ اے ایس پیز نے یادگار شہداءپر حاضری پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ آر پی او ملتان ڈاکٹر معین مسعود نے مزید کہا کہ نوجوان افسران جدید پولیسنگ، ہائی پروفیشنلزم اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنا تے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ خود کو افسر سمجھنے کی بجائے اچھا لرنر بنیں، فیلڈ ڈیوٹی میں حاصل ہونے والا بیش قیمت تجربہ مستقبل میں کام آئے گا۔ آر پی او ملتان نے کہاکہ پولیسنگ تجربے اور سیکھنے سے آتی ہے، دوران تربیت لگن اور محنت سے کام کریں۔ آر پی او ملتان نے کہا کہ مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے، نئے رحجانات اور مہارتوں کو سیکھنے پر خصوصی توجہ دیں۔سی پی او ملتان شاکر حسین داوڑ نے اے ایس پیز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محنتی، دیانتدار اور خدمت خلق کے جذبے سے کام کرنے والے ہی پولیس سروس میں کامیاب ہیں چنانچہ سپر وائزری افسران عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے مظلوم و مستحق شہریوں کے دست و بازو بنیں۔ سی پی او ملتان نے اے ایس پیز سے کہا کہ پوری دیانتداری اور لگن سے کام کریں۔ سی پی او ملتان نے لیڈی افسران سے گفتگو دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس میں لیڈی افسران کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لیڈی افسران اپنے کام سے دوسری خواتین کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں اور خواتین شہریوں کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔