فیصل آباد، 14 جنوری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے چلڈرن ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر 7روزہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کردیا ہے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 14 لاکھ 80 ہزار925 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول کی اضافی خوراک بھی پلائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کے لئے 4869 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 4305 موبائل ٹیمیں، 382 فکسڈ اور 182 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول کی اضافی خوراک پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مائیکروپلان پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ پولیو کے خاتمہ کی 7 روزہ قومی مہم 16سے 22 جنوری تک جاری رہے گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ثاقب منیر سمیت ہسپتال انتظامیہ و دیگر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔