فیصل آباد ، ایڈوائزر وفاقی محتسب سیکر ٹریٹ ریجنل آفس کا جنرل پوسٹ آفس کا دورہ

77

فیصل آباد۔10جنوری  (اے پی پی):وفاقی محتسب اسلام آباد کی ہدایات کے مطابق ایڈوائزر وفاقی محتسب سیکر ٹریٹ ریجنل آفس فیصل آباد شاہد حسین جیلانی نے جنرل پوسٹ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ رجسٹرار وفاقی محتسب فیصل آباد ریجن یاسر شبیر ملک بھی انکے ہمراہ تھے۔ جی پی او کے سینئر پوسٹ ماسٹر محمد حنیف، ڈویژنل سپر نٹنڈنٹ فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عامر اعجاز نے محکمے کی کارکردگی،جی پی او فیصل آباد، ڈویژن کے تمام انتظامی امور، فرائض اور کار کر دگی کے بارے میں ایڈوائزر وفاقی محتسب کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمے میں پوٹیشنل کی کمی نہیں ہے اور ہم بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں لیکن سٹاف کی کمی اور ڈاک کی ترسیل کیلئے گاڑیوں کے مسائل کے باوجود محکمہ اپنی بھرپور کارکردگی دکھا رہا ہے۔محمد حنیف نے بتا یا کہ 2022 میں ڈاک سے متعلق 91 شکایات موصول ہوئیں اور 88 کو فی الفور حل کر دیا گیا جبکہ صرف 11 پر کاروائی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ کل 57 پوسٹوں پر عملہ نہیں ہے جو امید ہے کہ جلد بھرتی ہو جائے گا۔چیف پوسٹ ماسٹر نے بتایا کہ پوسٹل ٹر یثری، سیونگ اکاؤنٹس بند ہیں جن کے باعث کافی مسائل درپیش ہیں۔انہوں نے ایڈوائزر ر محتسب فیصل آباد کو بتایا کہ ماہانہ آمدنی اکاؤنٹ اگلے مالی سال میں شروع ہو جا ئیں گے اور اس بارے میں سائلین کی شکایات کا ازالہ ممکن ہوگا۔ ڈی ایس فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عامر اعجاز نے ایڈوائزر محتسب کو بتایا کہ اس وقت ڈویژن کے تحت کل سٹاف 142 میں سے 107 کام کر رہے ہیں جبکہ 35 کی کمی ہے جس کے باعث محکمے کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ایڈوائزر ریجنل وفاقی محتسب شاہد جیلانی نے اکاؤنٹ برانچ، ایڈمن برانچ، آپریشن اور پنشن برانچ کا بھی معائنہ کیا اور کارکردگی بارے دریافت کیا۔انہوں نے جی پی او میں موجود سائلین سے بات چیت کی اور انکے مسائل اور شکایات سنیں اور شکایات کے ازالہ کیلئے موقع پر افسران کو احکامات جاری کئے۔ ایڈوائزر ریجنل وفاقی محتسب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے حل کیلئے جی پی او کا دورہ کیا ہے تاہم مقامی طور پر دفتر کی صورت حال بہتر ہے تاہم کچھ انتظامی معاملات ہیں جو محکمے کی اعلیٰ قیادت دیکھے گی۔